بھارتی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ہنگامہ، سرحد پر چین کیساتھ جھڑپ پر بحث کا مطالبہ

نئی دہلی (انتخاب نیوز) بھارتی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں سرحد پر ہند چین جھڑپ کے مسئلے پر حکومت کو گھیرنے کی کوشش کرتے ہوئے شدید ہنگامہ ہوا۔ بھارتی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں حزب اختلاف کے اراکین نے سرحد پر چین کے ساتھ جھڑپ کے بارے میں بحث کا مطالبہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق لوک سبھا میں کارروائی شروع ہوئی تو کانگریس پارٹی کے لیڈر، ادھیر رنجن چودھری اور دیگر کانگریسی اراکین اپنی نشستوں سے کھڑے ہوگئے اور توانگ سیکٹر پر چین کے ساتھ تازہ جھڑپ کے مسئلے میں بحث کا مطالبہ کرنے لگے۔حزب اختلاف نے ہنگامہ جاری رکھا جس کے بعد کارروائی بارہ بجے دن تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں بھی ہند چین سرحدی کشیدگی کے مسئلے پر حزب اختلاف کے اراکین کے ہنگاموں کے باعث، کارروائی دن کے بارہ بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔دوسری طرف بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ میں چینی فوج کے ساتھ جھڑپ کے بارے میں بیان دیا۔انھوں نے کہا کہ ارونا چل پردیش کے توانگ سیکٹر پر بھارتی فوج نے چینی فوج کا مقابلہ کیا اور اس کو پسپائی پر مجبور کر دیا۔انھوں نے کہا کہ چینی فوج نے گیارہ دسمبر کو بھارتی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی لیکن بھارتی فوج نے اس کو روکا اور پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں