سانحہ اے پی ایس میں ملوث قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، حکومت اور ادارے چمن بارڈر پر تخریب کا نوٹس لیں، اصغر اچکزئی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پوائنٹ آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر و رکن بلوچستان اسمبلی اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ حکومت اور ادارے چمن واقع کا نوٹس لیتے ہوئے تخریب کاروں کی پشت پناہی چھوڑ دیں، ہزاروں بے گناہ محب وطن شہری اب تک جاں بحق ہوچکے ہیں، سانحہ اے پی ایس میں کئی پشتون بچے جاں بحق اور زخمی ہوگئے، لیکن آج تک ان کے قاتل گرفتار نہیں ہوسکے، حکومت کو اپنی مرضی کا بل لانا ہو تو چھٹی کے دن بھی قرار داد منظور ہو سکتی ہے،انہوں نے کہا کہ اپنے علاقے میں امن کے خواہاں علی وزیر کو آج دو سال پورے ہو گئے لیکن وہ آج بھی پابند سلاسل ہیں، وہ نہ وزیراعظم شپ مانگ رہے ہیں، نہ وزارت خارجہ مانگ رہے ہیں، اس کے باوجود سندھ میں رکن قومی اسمبلی ہوتے ہوئے قید ہیں، لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت جس کو ریلیف دینا چاہئے اس کو لندن میں پاسپورٹ جاری کر کے اس کے آنے کاراستہ ہموار کیا جا رہا ہے لیکن علی وزیر دو سال سے بے گناہ کی سزا کاٹ رہے ہیں۔


