پاک افغان سرحدی کشیدگی، فلیگ میٹنگ میں جرگہ کی کوششیں کامیاب، امن کے کوششوں پر اتفاق
کوئٹہ (انتخاب نیوز) چمن بارڈر پر پاک افغان سرحدی فورسز میں کشیدگی کے خاتمے میں جرگہ کی کوششیں کامیاب ہو گئیں ۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق منگل کو سرحدی جھڑپوں کے بعد باب دوستی پر پاک افغان حکام کے مابین پہلی فلیگ میٹنگ کا انعقادکیا گیا جس میں پاکستان اور افغانستان کے اعلیٰ سول و ملٹری حکام ،دونوں جانب کے سرحدی اضلاع چمن اور اسپین بولدک کے ڈپٹی کمشنرز ،دونوں جانب سے علماءاور عمائدین نے شرکت کی ۔فلیگ میٹنگ میں دونوں جانب سے سول ملٹری حکام گرم جوشی سے ملے اور کراس بارڈر فائرنگ میں جاں بحق افراد کے ایصال ثواب اورزخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعا کی گئی ۔اس موقع پر افغان وفد نے کہا کہ افغانستان کیلئے پاکستانی عوام اور فورسز کی قربانیاں کبھی بلا نہیں سکتے۔ اجلاس میں سرحدی مسائل کو باہمی مشاورت سے حل ، فورسز کے مابین مسائل کا حل لڑائی یا جنگ نہیں ،بارڈر باڑ سے متعلق مسائل دوطرفہ رابطوں اور مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں ڈیڈلاک میں مقامی قبائلی عمائدین اور علماءکے کلیدی کردار سراہاگیا،اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ دونوں جانب کے قبائل اور علماءکا کردار آئندہ بھی ہونا چاہئے ، سول ملٹری وفود کا آئندہ ایک دوسرے ممالک میں جاکر بات چیت پر اتفاق کیا گیا ۔پاکستانی میزبان وفدکی جانب سے افغان سول ملٹری حکام کو روایتی پشتون پگڑیاں پہنائی گئیں۔


