پولیس اسٹیشن پر حملہ کرنیوالے پارلیمنٹ پر حملے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، سینیٹر مشتاق احمد
اسلام آباد (انتخاب نیوز) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق احمدنے کہاہے کہ خیبر پختونخوا میں تخریب کاری ہو رہی ہے وہاں کوئی حکومت نظر نہیں آرہی، تخریب کاری پر بات کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وانا میں پولیس اسٹیشن پر حملہ ہوا اور ایس ایچ او سمیت پورے عملے کو اغواء کرلیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں حکومت کی کوئی رٹ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں افواہ ہے کہ یہ لوگ جنہوں نے پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا وہ پارلیمنٹ پر حملہ کرنے کا پلان بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قتل کرکے لوگوں کے سروں کو درختوں پر لٹکایا جارہا ہے، ایک بچے کے والد اور دادا کوقتل کرکے سر کاٹ دیے گئے، پختون یہ برداشت نہیں کرسکتے، خیبر پختونخوا کا کوئی وارث نہیں۔ انہوں نے کہاکہ شرم کی بات ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پولیس جوانوں کے جنازوں میں نہیں جارہے، امن و امان کے مسئلے پر یہاں بات کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ یہ کٹے ہوئے سر وفاقی و صوبائی حکومتوں، اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ کو کیوں نظر نہیں آرہے، خیبرپختونخوا کا ترجمان کہتا ہے کوئی تخریب کاری نہیں ہے؟ جس کے بعد اسپیکر نے مشتاق احمد کا مائیک بند کردیا۔


