ریاست کسی تخریب کار گروہ یا تنظیم کے سامنے نہیں جھکے گی، وزیراعظم
اسلام آباد(انتخاب نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریاست کسی بھی تخریب کار گروہ یا تنظیم کے سامنے نہیں جھکے گی بلکہ تخریب کاروں کے ساتھ آئین اور قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔بنوں کے سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ اور تخریب کاری کی دیگر کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تخریب کاری کے ذریعے پاکستان میں افراتفری پھیلانے کی مذموم کوشش سختی سے کچل دیں گے۔ تخریب کاری قومی سلامتی کا حساس مسئلہ ہے، اس پر اجتماعی سوچ اورلا ئحہ عمل کی ضرورت ہے ۔ریاست کسی بھی تخریب کار کروہ یا تنظیم کے سامنے نہیں جھکے گی، ان کے ساتھ آئین اورقانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت تخریب کاروں کی بیرونی سہولت کاری اور پناہ گاہوں کا سدباب بھی کرے گی۔ پوری قوم اپنی شیر دلیر افواج کے شانہ بہ شانہ تخریب کاریکا خاتمہ کرکے رہے گی۔ وزیراعظم نے تخریب کاری کے خلاف برسرپیکار فورسز کے جذبے اور عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔تخریب کاری کے واقعات میں زخمی ہونے والوں کے لیے وزیراعظم نے جلد صحت یابی کی دعا اور علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق افراد کی قربانیاں ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ردا لفساداور ضرب عضب تخریب کاری کے خاتمے کے لیے ا ہم اقدامات تھے ۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ مسلح افواج، پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسروں اور جوانوں کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ امن و امان کی بنیادی ذمے داری صوبوں کی ہے لیکن وفاق ان سنگین مسائل پر آنکھیں بند نہیں کر سکتا۔ تخریب کاری کے مقابلے کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تخریب کاری کے خاتمے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کرائیں گے ۔ صوبائی حکومت کی صلاحیت اور استعداد کار میں اضافہ تخریب کاری کے خاتمے کے لیے اہم ہے ۔ وفاق صوبوں میں انسداد تخریب کاری فورس اور ڈیپارٹمنٹ کی پیشہ ورانہ صلاحیت بہتر بنانے میں معاونت کرے گا ۔وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی ازسرنو تشکیل پر کام کریں گے ۔ اس سلسلے میں اپنی فورسز کی تمام ضروریات پوری کریں گے، جدید اسلحہ کی فراہمی اور پیشہ ورانہ تربیت پر توجہ دی جائے گی۔


