اسلام آباد دھماکے کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ، مراسلہ جاری
اسلام آباد: اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین فور میں دھماکے کی تحقیقات مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کرے گی،جے آئی ٹی بنانے کا مراسلہ جاری کردیا گیا۔ گزشتہ روز اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین میں خود کش دھماکے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 2 افراد شہید اور 10 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ واقعے کی تحقیقات کے لئے8 رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی)بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، اور اس حوالے سے ڈی آئی جی آپریشن سہیل ظفر چھٹہ نے آئی جی اسلام آباد کو خط لکھ دیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشن کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ واقعے کا مقدمہ دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے، اوراے ٹی اے ایکٹ کے تحت درج مقدمات کیلئے لازم ہے کہ ان کی تحقیقات جے آئی ٹی کرے۔ ڈی آئی جی نے سفارش کی ہے کہ ایس ایس پی سی ٹی ڈی کی سربراہی میں 8 رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم قائم کی جائے، اور اس میں ایس پی انڈسٹریل ایریا، ایس ڈی پی او، ایس ایچ اور تھانہ سبزی منڈی سمیت تفتیشی افسر کو بھی کو بھی شامل کیا جائے۔ جب کہ کمیٹی میں آئی ایس آئی اور آئی بی کی بھی نمائندگی ہو۔


