کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ملازمین کا تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی کیخلاف کمشنر آفس پر دھرنا
کوئٹہ (انتخاب نیوز) میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ملازمین نے تنخواہوں اور پنشن سمیت دیگر مطالبات کے حق میں احتجاج ریلی نکالی اور کمشنر آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے مظاہرین کو پولیس نے کانٹے دار لگا کر اور رکاوٹیں کھڑی کرکے ریلی کے شرکاکو ریڈ زون کی جانب نہیں جانے دیا۔ مظاہرین کی جانب سے ایڈ منسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور مطالبہ کیا کہ ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کو ممکن بناتے ہوئے ان کے دیرینہ مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے تاکہ ملازمین میں پائی جانے والی تشویش دور ہوسکے۔ ملازمین گزشتہ کئی روز سے شدید سردی میں اپنے مطالبات کے حق میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے دفتر کے احاطے میں احتجاجی کیمپ لگا کر سراپا احتجاج ہیں تا حال حکومت اور انتظامیہ نے ملازمین کے مسائل کے حل کے لئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا جس کی وجہ سے ملازمین میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔


