جے یو آئی کوئٹہ کی اپیل پر سوشل میڈیا پر فحش وڈیو اور آڈیو لیکس کیخلاف یوم حیا منایا گیا

کوئٹہ (انتخاب نیوز) جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ اپیل پر سوشل میڈیا پر فحش ویڈیو اورآڈیو لیکس کے خلاف "یوم حیا” منایا گیا۔ جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا مفتی محمد روزی خان مولانا محمد ہاشم خیشکی شیخ مولانا احمد جان مولانا محمد ایوب حافظ مسعود احمد حافظ عبد الحق حقانی مولانا حکیم حبیب اللہ حافظ سردار محمد نورزئی مفتی محمد ابوبکر اور ضلع بھر کے ائمہ وخطبا اور یونٹوں کے امرا اور نظما نے یوم حیا کے موضوعات پر اجتمات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بدتہذیبی پھیلانے والے اپنے ہی گندے ماحول میں عبرتناک طور پر پھنس چکے ہیں، تفصیلات کے مطابق جمعیت علما اسلام پاکستان کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن کے حکم صوبائی امیر مولانا عبد الواسع کی ہدایت پر ضلع کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں یوم حیا منایا گیا۔ مقررین نے کہا کہ اسلام کے نام پر حاصل کئے جانے والے ملک میں مخرب اخلاق آڈیو ویڈیو لیکس کی تباہ کاریوں اور نسل نو کو اسے دور رکھنے کے حوالے سے ہر مسلمان کو کردار اداکرنا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے نام نہاد دعوے دار جس خوشنما نعروں اور تقاریر کے ذریعے وطن عزیز پاکستان میں جو مدر پدر آزاد ماحول پروان چڑھایا آج اسی گند میں خود پھنس چکا ہے انہوں نے کہا کہ مذہبی حلقے مخالف ترین شخص کے ذاتی معاملات کو اچھالنے کے حق میں نہیں لیکن نسل نو اس قسم کی پارٹیوں کے رحم و کرم پر چھوڑنے کی اجازت نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا حیا سوز آڈیو لیکس اور فحش اور مخرب اخلاق مواد سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلانے کا مقصد نوجوان نسل کے اذہان و قلوب سے پاکیزگی کا خاتمہ،بے راہ روی اور گمراہی کو فروغ دینا ہے۔ قوم کو اس وبا کے نقصانات اور اسلامی تعلیمات کے حوالے سے قوم میں شعور اجاگر کرنے کی مزید ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے قوم کے سامنے ایک ایسے شخص کو آئیڈیل بناکر پیش کیا گیاجن کی زندگی ایسیتضادات کا مجموعہ ہے اور اس کے ذریعے پاکستان میں مشرقی اقدار کا جنازہ نکالا گیا اور پاکستان کو ایک مادر پدر آزاد معاشرے کے طور پر متعارف کرانے کی کوشش کی گئی اور ان تمام غلطیوں پر نہ کوئی شرمندگی محسوس کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو پاکیزہ اور مقدس رکھنا بائیس کروڑ عوام کی ذمہ داری ہے۔ اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں