تنخواہوں کی عدم ادائیگی، بلدیہ کوئٹہ ملازمین نے احتجاجی کیمپ لگا دیے
کوئٹہ (انتخاب نیوز) آل بلوچستان میونسپل ورکز ایسوسی ایشن بلوچستان کوئٹہ کے ملازمین کی جانب سے تنخواہوں کی عدم فراہمی اور مطالبات کے حق میں احتجاج کا سلسلہ تا حال جاری ہے صوبائی صدر محمد رحیم بلوچ اور شکر خان رئیسانی کی قیادت میں احتجاجی کیمپ اور دیئے گئے دھرنے کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن ملازمین تنخواہوں اور گریجویٹی کی عدم فراہمی سمیت دیگر مسائل کے حل کے لئے سراپا احتجاج ہیں ایڈمنسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن جبار بلوچ نے ملازمین کے احتجاجی کیمپ میں آکر یقین دہانی کرائی کہ عارضی ملازمین کے تمام واجبات جلد ادا کردیئے جائیں گے اور گریجویٹی کے لئے کچھ وقت درکار ہوگا یہ خوش آئند اقدام ہے۔ ہم حکام بالا کو مسائل کو سننے اور ان کے حل کے لئے کرائی جانے والی یقین دہانی پر شکر گزار ہیں ہمیں امید ہے کہ وہ ہمارا مسئلہ جلداز جلد حل کردیں گے ہمارا احتجاج مسائل کے حل تک جاری رہے گا۔ کیونکہ یہ ہمارے ملازمین کی بقاکا مسئلہ ہے۔


