پاکستان سے 25 موٹر سائیکلوں پر مشتمل قافلہ امن کے فروغ کیلئے سعودی عرب روانہ
کوئٹہ (آن لائن)صوبہ پنجاب کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 25بائیکرز کا گروہ 2 ماہ میں 14 ہزار کلو کا فاصلہ طے کرکے 6 ممالک سے ہوتا ہوا سعودی عرب کے لئے روانہ ہوگیا۔ مذکورہ گروپ کا مقصد ہے کہ وہ عوام میں بھائی چارگی اور یکجہتی کو فروغ دیں مذکورہ بائیکرز کا تعلق لاہور سمیت مختلف شہروں سے ہیں جنہوں نے لاہور سے روانہ ہوکر کوئٹہ پہنچنے کے بعد کوئٹہ سے ایران کے راستے متحدہ عرب امارات، اردن، عراق، کویت اور سعودی عرب جائیں گے جہاں پر عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے علاوہ پاکستان کو معاشی اور دیگر مشکلات اور مسائل سے نجات دلانے اور استحکام کے لئے خصوصی دعا کرنے کے علاوہ اسلامی ممالک میں سیاحتی مقامات کا دورہ کریں گے۔ بائیکرز کا کہنا ہے ہم نے یہ دورہ چھ ممالک پر مشتمل اور اس میں 14ہزار کلو میٹر کا فاصلہ موٹر سائیکلوں پر کرکے لوگوں کو امن کے فروغ، بھائی چارگی اور یکجہتی کا پیغام پھیلانا ہے۔


