بلوچستان میں آٹے کی ضرورت پورا کرنے کیلئے گندم کی خریداری کی جا رہی ہے، فرح عظیم شاہ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں آٹے کے بحران پر قابو پانے کیلئے عملی اقدامات اْٹھا رہی ہے۔ صوبے میں آٹے کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے گندم کی خریداری کی جا رہی ہے۔ پاسکو سے گندم کی سپلائی شروع ہو چکی ہے۔روزانہ کی بنیاد پر گندم کی ترسیل سے صورتحال کافی بہتر ہو جائے گی. ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ گندم کی زخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام کی ضرورت اور سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے سستا آٹا سیل پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں تمام متعلقہ اداروں, اہلکاروں اور افسران کو گندم اور آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے احکامات دیے گئے ہیں. انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں کوشاں ہے صورتحال جلد بہتر ہو جائے گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے اس حوالے سے تمام تر امور کا بخوبی جائزہ لیتے ہوئے اپنی ہدایات جاری کی ہیں۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن اور فلور ملز ایسوسی ایشن بھی اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔آٹے کی بیرون ملک سمگلنگ کی روک تھام ہر ممکن یقینی بنائی جائے گی تاکہ عوام کو آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں