پنجگور بارڈر پر ای ٹیگز سسٹم میں بڑے پیمانے پر اقربا پروری اور بے قاعدگیاں

پنجگور (انتخاب نیوز) ای ٹیگز سسٹم میں بڑے پیمانے پر اقربا پروری اور بے قاعدگیوں کے انکشاف۔ ذرائع کے مطابق پنجگور بارڈرز جانے والی گاڑیوں کے ای ٹیگ سسٹم میں بڑے پیمانے پر اقربا پروری اور بے قاعدگیاں سامنے آرہی ہیں بہت سے لوگوں کا نمبر دو دو مہینوں تک نہیں آتا جبکہ اثر و رسوخ کی بنیادوں پر پیکج کے تحت لوگوں کو بارڈرز جانے دیا جارہا ہے، ایک شخص نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جب سے چیدگی بارڈر پوائنٹ اسٹارٹ ہوگیا ہے، اس کا نام ایک بار بھی نہیں آیا ہے حالانکہ اس نے نام لسٹ میں نہ آنے کا تحریری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کردیا ہے مگر تاحال اس جیسے درجنوں افراد کی کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے اس نے بتایا کہ اس کا پرانا ای ٹیگ ایف سی کے دور کا ہے مگر اس کے ساتھ نا انصافی ہورہی ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ رقومات لیکر پیکج کے تحت لوگوں کو بغیر ٹائم بارڈر جانے دے کر اصل حقداروں کی حق تلفی کی جارہی ہے۔ متاثرین نے کمشنر مکران اور دیگر ذمہ داران سے اپیل کی ہے کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں