معاشی ترقی میں تیزی کیلئے امن و امان کا قیام اور قانون کا نفاذ انتہائی ضروری، فرح عظیم شاہ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کے مسائل موثر انداز میں حل کرنے میں کوشاں ہے ماہی گیروں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے جس کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کیے گیے ہیں۔ گوادر کی ترقی و خوشحالی سے پورے بلوچستان کا روشن مستقبل منسلک ہے۔ گوادر پر پہلا حق ادھر کیے عوام کا ہے اس پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ کسی بھی معاشی ترقی اور معاشی سرگرمیوں میں تیزی کیلئے امن و امان کا قیام اور قانون کا نفاذ انتہائی ضروری ہوتا ہے، اسی لئے صوبائی حکومت انصاف و قانون کی پاسداری یقینی بنا رہی ہے تاکہ صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جاسکے اور صوبہ مالی خودمختاری کی جانب گامزن ہوسکے۔ جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے طلبہ کو فنی تعلیم کے مواقعے فراہم کیے جائیں گے، اعلیٰ اور معیاری تعلیم کیلئے اسکالر شپ فراہم کرتے ہوئے طلبہ کو اس قابل بنایا جائے گا کہ وہ مستقبل میں صوبے کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو صوبے کی مجموعی ترقی کیلئے کوشاں ہیں، اس لئے اجتماعی ترقی والے منصوبوں کو فوقیت دی جا رہی ہے اور عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں۔ تعلیم، صحت اور روزگار کی فراہمی حکومتی ترجیحات میں شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں