ریکوڈک منصوبے پر کام شروع، انجینئرزفیلڈ پر پہنچ گئے
کوئٹہ (انتخاب نیوز)ریکوڈک منصوبے پر کام کرنے والی کمپنی بیرک گولڈ کارپوریشن نے کام کا آغا ز کردیا ہے۔اس سلسلے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں دفتر بھی قائم کردیا گیا ہے۔ریکو ڈک معاہدے کے حوالے سے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں رسمی تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو او ر بیرک گولڈ کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو مسٹر مارک بریسٹو کی تقریب میں شرکت۔اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈوکیٹ صوبائی وزراء اور حکومت اور اپوزیشن کے ارکین اسمبلی بھی تقریب میں شریک۔ریکو ڈیک منصوبے کی ٹیم کی بھی تقریب میں شرکت۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ہم سب کی یہاں موجودگی اس امر کی مظہر ہے کہ حکومت اور اپوزیشن ریکو ڈک معاہدے پر ایک پیج پر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم مشکل مراحل سے گزر کر یہاں تک پہنچے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم چاہتے تھے کہ تمام مشکلات اور رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کیا جائے۔سیاسی حمایت کے حصول کیلئے تمام سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیا۔ضروری قانون سازی بھی ایک مشکل مرحلہ تھا تاہم اس سے بھی خوش اسلوبی سے طے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ میں ریکو ڈک منصوبے پر عملدرآمد کے آغاز کو بلوچستان اور پاکستان کیلئے خوش بختی سمجھتا ہوں۔وزیراعلیٰ قدوس بزنجو نے کہا کہ میں بیرک گولڈ کارپوریشن کی کامیابی کیلئے دعا گو ہوں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرک گولڈ کارپوریشن کے سربراہ مارک بریسٹو نے کہا کہ میں اپنے دوست وزیراعلیٰ بلوچستان اور اراکین اسمبلی کی جانب سے خیر مقدم پر اظہار تشکر کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے سرد موسم میں گرمجوش استقبال سے خوشی اور حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔آج کی یہ شام اور یہ میٹنگ تاریخی ہے۔۔ہم نے سال کے آغاز پر منصوے پر کام کرنے کا آغاز کر رہے ہیں۔بیرک گولڈ کارپوریشن نے کوئٹہ میں پراجیکٹ دفتر قائم کر دیا ہے۔ہم نے اپنے بہترین ماہرین پر مشتمل ٹیم کا انتخاب کیا ہے۔کیونکہ یہ مشترکہ منصوبہ ہے ہم اپنی ٹیم میں مقامی ماہرین کو بھی نمائندگی دے رہے ہیں۔میں ہر اس کام کی تعریف کرونگا جو اب تک پایہ تکمیل تک پہنچا ہے۔ریکو ڈک فیلڈ پر ہمارے انجینئرز پہنچ کر ابتدائی کام کا آغاز کر چکے ہیں۔ریکوڈک اور کوئٹہ آفس کیلئے بھی بھرتی کا عمل شروع کیا گیا ہے جس میں مقامی لوگوں کی اکثریت ہو گی۔انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کے ساتھ خوشگوار اور با اعتماد تعلقات کا قیام اور انکی ویلفیئر ہماری اولین ترجیح ہو گی۔طے شدہ معاہدے پر اس کی روح کے مطابق عمل کرینگے۔معاہدے کے مطابق علاقے میں سماجی شعبہ کی ترقی کا آغاز کیا جا رہاہے۔مقامی لوگوں پر سرمایہ کرینگے۔پرائمری تعلیم ٹریننگ اور نوجوانوں کو متعلقہ شعبہ میں اعلیٰ تعلیم فراہم کرینگے۔مقامی بچوں کو اسکول تک لیجانا چیلنج کی طور پر لیں گے۔مقامی لوگوں میں احساس شراکت داری اور اونر شپ پیدا کرنے کیلئے انہیں معاہدے سے متعلق کاروبار میں شرکت کا موقع دینگے۔بلوچستان حکومت کو تکمیل معاہدے کے کور شیڈ کی مد میں 3 ملین ڈالر رواں ماہ منتقل کر دئیے جائیں گے۔ہم صرف ریکو ڈک میں سرمایہ کاری کیلئے نہیں آئے بلکہ بلوچستان کو سرمایہ کاری کیلئے دنیا کے سامنے کھولنا بھی ہماری ترجیح ہے۔صوبے کی سیاسی قیادت سے ملاقات ہمیشہ بہترین رہی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈووکیٹ نے کہا کہ مارک بریسٹو اور انکی ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہیں۔یہ ایک تاریخی لمحہ ہے جب نیا سال کے آغاز پر ریکو ڈک کے تاریخی معاہدہ پر عملدرآمد کا باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے۔میں تمام اراکین صوبائی اسمبلی کی جانب سے ٹیم کا دل کی گہرائیوں سے استقبال کرتا ہوں۔ریکو ڈک منصوبہ بلوچستان کی تقدیر بدلنے کا منصوبہ ہے۔تقریب کے اختتام پروزیراعلیٰ اور مارک بریسٹو نے معاہدے کی رسمی تقریب میں کیک بھی کاٹا۔


