حکومت نے سمندر تاراج کرنے کیلئے ٹرالر مافیا کو کلین چٹ دے دی، نیشنل پارٹی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کی رہنماءفہمیدہ حمید نے کہا ہے کہ ساحل بلوچستان پر غیر قانونی ٹرالرنگ میں اضافہ تشویشناک ہے۔ حکومت نے سمندر تاراج کرنے کے لئے ٹرالر مافیا کو کلین چٹ دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا زرخیز ساحل ٹرالر مافیا کے لئے جنت بن گیا ہے، ایسا کوئی دن نہیں کہ مہلک جالوں سے لیس بین الصوبائی ٹرالرز گڈانی سے لیکر اورماڑہ اور جیونی کے ساحل پر دندناتے نظر نہیں آتے۔ غیر قانونی ٹرالرنگ کی وجہ سے ماہی گیروں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں اور لاکھوں ماہی گیر خاندان بے روزگاری کی عفریت کا شکار ہیں لیکن صوبائی حکومت ٹس سے مس نہیں ہوتی بلکہ وہ ٹرالر مافیا کی سہولت کار بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ساحل بلوچستان پر غیر قانونی ٹرالرنگ کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کرے گی، وفاقی اور صوبائی حکومت ماہی گیروں کے روزگار کے تحفظ کے لئے عملی اقدامات بروئے کار لائے۔ انہوں نے گوادر حق دو تحریک کے رہنماﺅں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ غیر قانونی ٹرالرنگ کی روک تھام سمیت جائز مطالبات کے لیے احتجاج کررہے تھے، ان پر تشدد کرکے احتجاج کو سبوتاژ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سخت سردی میں رہنماﺅں کو کوئٹہ منتقل کرنے کو ٹار چر کا حربہ قرار دیتے ہوئے ان کی رہائی اور مطالبات تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔


