پاکستان میں آئینی اداروں کو دائرہ اختیار کا پابند بنانا ہوگا، پشتونخوا میپ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی پریس ریلیز میں ملک کے طول وعرض میں جاری تاریخ کی بدترین مہنگائی، سخت ترین بیروزگاری، بجلی، گیس، پینے کے صاف پانی کی نایابی، تعلیم، صحت کے سہولیات فراہم نہ کرنے پر سخت تشویش، دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس وقت ملک جن بحرانوں سے دوچار ہے اس کی نشاندہی 1990کے دہائی میں پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کرچکے ہیں۔ ملک میں آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری، داخلہ وخارجہ پالیسیوں کی تشکیل عوام کے منتخب پارلیمنٹ سے ضروری اور لازمی ہے۔ پارٹی کے چیئرمین کے اس برحق موقف پر سینکڑوں شہدا دیگر اذیتوں کے ساتھ ساتھ سخت ترین مشکلات وحالات سے دوچار کیا گیا جسے پارٹی نے برداشت کیا اوراپنی پر امن قومی، سیاسی، جمہوری جدوجہد کو دوام دیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آج جو باتیں ریٹائرڈ چیف آف آرمی سٹاف کے گھر تک پہنچنے سے پہلے شروع کی گئی یہی باتیں جنرل صاحب کے وردی میں ہوتے ہوئے پارٹی نے بروقت ملک کو تباہی سے دوچار ہونے سے بچانے اور ان کی مداخلت کی روک تھام کیلئے کیں تھیں لیکن افسوس کہ ایسا نہیں ہوااور نتیجہ آج سب کے سامنے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے اندر تمام طبقہ فکر اور آئینی اداروں کی کانفرنس وقت کی ضرورت بن گئی ہے حقائق تلخ ہونے کو باوجود ملک کی اس مشکل صورتحال میں مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے کی ضرورت ہے اور لائحہ عمل کی پابندی سب پر لازمی ہوگی۔ جس کا پہلا نقطہ آئینی اداروں کو اپنی آئینی دائرہ اختیار کا پابند بنانا ہوگا۔ آئین کی بالادستی سب کو قبول کرنی ہوگی، شفاف غیر جانبدار الیکشن کے ذریعے منتخب پارلیمنٹ کو بااختیار بنانا ہوگا، ملک کی داخلہ وخارجہ پالیسیوں کی تشکیل عوام کے منتخب پارلیمنٹ سے ہوگی بصورت دیگر ملک مزید بحرانوں میں گرتا جائیگا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کی بین الاقوامی وقارکو بحال کرنے اور تنہائی سے نکالنے کیلئے عوام کے شعور اور ملک کے اقتدار اعلیٰ کے مالک کی حیثیت کو تہہ دل سے تبدیل کرنا ہوگا، ملک کو قوموں کی برابری کا حقیقی فیڈریشن بنانا اور تسلیم کرنا ہوگا اور ملک میں جمہور کی حکمرانی کا حق تسلیم کرنا ہوگا۔ ملک کے معاشی بحران کی شدت کو کم کرنے اور خود اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کیلئے ضروری ہے کہ ملک کے عوام کے فیصلوں کے آگے سرتسلیم ہو۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے تمام ادارے ملک کی استحکام اور فروغ ترقی کیلئے قائم ہیں، حق حکمرانی ملک کے عوام کا حق ہے، خدمت کی بجائے حکمرانی کیلئے سوچنے والے ملازم ملک کے بربادی کے ذمہ دار ہونگے۔ ملک کے عوام پر بھروسہ کرنا مسلمہ بین الاقوامی اصول ہے اور اس سے انحراف بربادی ہے۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی نے بحیثیت پارٹی اپنا آئینی سیاسی جمہوری اور انسانی حق پہلے بھی ادا کیا ہے اور آئندہ بھی اپنا آئینی، سیاسی، جمہوری حق ادا کرتے رہیگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں