فواد چوہدری کو لاہور سے اسلام آباد منتقل کرنے کیلئے راہداری ریمانڈ منظور

لاہور(انتخاب نیوز) لاہور کی مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار رہنما فواد چوہدری کو لاہور سے اسلام آباد منتقل کرنے کے لئے راہداری ریمانڈ منظورکر لیا۔عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ فواد چوہدری کا سروسز ہسپتال سے میڈیکل چیک اپ کروایا جائے جس کے بعد فوری طور پر انہیں لاہور سے اسلام آباد منتقل کیا جائے اور عدالت میں پیش کیا جائے۔فواد چوہدری کو بدھ کے روز لاہور کی کینٹ کچہری میں راہداری ریمانڈ کے لئے پیش کیا گیا۔ پولیس نے فواد چوہدری کوہتھکڑی لگا کرعدالت میں پیش کیا۔ فواد چوہدری کے مطابق پر عدالت نے تفتیشی افسر کو حکم دیا کہ وہ اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان عمر حمید خان کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کی کاپی فواد چوہدری کو فراہم کریں۔ تفتیشی کی جانب سے ایف آئی آر کی کاپی فواد چوہدری کو فراہم کردی گئی۔ عدالت نے فواد چوہدری کے راہداری ریمانڈ کی درخواست نمٹا دی جس کے بعد پولیس حکام انہیں عدالت سے لے کرروانہ ہو گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں