بیلہ میں بس حادثہ پھسلن کی وجہ سے ہوا، پیٹرول اور ڈیزل کی اسمگلنگ کی خبریں بے بنیاد ہیں، آل کوچز یونین

کوئٹہ: ترجمان آل کوئٹہ کراچی کوچز یونین کا سانحہ بیلہ کے المناک حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیلہ چنگی کے مقام پر بس حادثہ بارش کے باعث پھسلن کی وجہ سے پیش آیا ہے، بس کوئٹہ سے کراچی سہراب گوٹھ جا رہی تھی جس میں سریاب روڈ اڈے سے 12 افراد سوار ہوئے اور 8:15 پر ہزار گنجی اڈے سے افراد 16سوار ہوکر 8:30بجے کراچی کے لئے نکل گئی۔ اس کے علاوہ 4 افراد (فرسٹ ڈرائیور) سیکنڈ ڈرائیور اور 2 کلینرز) پر مشتمل بس عملہ شامل تھا جو کہ چاروں حادثے میں جاں بحق ہوگئے، کوئٹہ سے بس عملہ سمیت کل 32 مسافر لے کر نکلا تھا جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے جبکہ باقی مسافر راستے سے بس میں سوار ہوئے تھے جن کا مذکور ہ بس کمپنی کو علم نہیں۔ ترجمان کے مطابق کوئٹہ سے کراچی جانیوالی بس میں سواریوں کے علاوہ کچھ بھی نہیں تھا، پیٹرول اور ڈیزل کی اسمگلنگ کی خبروں کی تردید کرتے ہیں، بس میں بیٹریوں کی وجہ سے شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی تھی، جس نے فوری طور پر پوری بس کو اپنے لپیٹ میں لے لیا تھا، جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ گزارش ہے کہ میڈیا بغیر تصدیق کے کوئی بھی خبر شیئر کرنے سے گریز کرے، کوئٹہ سے جانیوالی کسی بھی کمپنی کے بسوں میں ڈیزل اور پیٹرول اسمگلنگ نہیں ہوتا، عوام بے بنیاد خبروں پر دھیان نہیں دیں۔ کوئٹہ کراچی کوچز یونین کے عہدیدار پیٹرول اور ڈیزل کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے باقاعدہ طور پر تمام کوچز کا ہفتہ وار چیکنگ کرتے ہیں، اللہ پاک جاں بحق ہونیوالوں کو جنت میں جگہ عطا فرمائے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں زخمی افراد کی جلد صحت یاب کے لئے دعاگو ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں