سوراب، دوست کو قتل کرنیوالا ملزم اور چوری ڈکیتی کی وارداتوں میں مطلوب 2 افراد گرفتار

سوراب (انتخاب نیوز) انتظامیہ کی کارروائی، نوجوان کے قاتل کو بارہ گھنٹوں کے اندر گرفتار کرکے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا۔ منگل کے روز محمد نعیم ولد جمعہ خان ہارونی ساکن رودینی زیرینہ لاپتہ ہوگیا جس پر ایس پی سوراب اللہ بخش بلوچ نے ڈی ایس پی محمد یوسف ریکی اور ایس ایچ او منیر احمد جتک کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی جس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نوجوان کی لاش بڑو کے علاقے سے برآمد کرکے اس کے الیاس ولد دین محمد محمد حسنی نامی دوست کو حراست میں لے کر اس سے تفتیش شروع کردی جس نے نوجوان کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔ پولیس نے ملزم سے قتل میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کرلیا، ملزم کو پابند سلاسل کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ دریں اثناءایک اور کارروائی میں سوراب پولیس نے گزشتہ دنوں شاہراہ پر واقع ہوٹل میں ہونے والی ڈکیتی میں ملوث ملزمان نعمت اللہ ولد الٰہی بخش اور محمد یوسف ولد فتح محمد کو گرفتار کرلیا، جوکہ درجن کے قریب چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں مختلف تھانوں کو مطلوب تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں