اسرائیل کیخلاف بیانات، الہان عمر امور امریکی خارجہ کمیٹی کی رکنیت سے فارغ

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک ) امریکی ایوان نمائندگان نے اسرائیل کے خلاف بیانات دینے پر الہان عمر کو امور خارجہ کمیٹی کی رکنیت سے ہٹا دیا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ریپبلکن پارٹی کی اکثریت نے ایک بل کے ذریعے الہان عمر کو کمیٹی سے الگ کیا، امریکی ایوان نمائندگان میں 211 کے مقابلے میں 218 ووٹوں سے پارلیمانی کمیٹی کی رکنیت سے ہٹایا گیا۔پارلیمانی کمیٹی سے ہٹائے جانے سے قبل بات کرتے ہوئے الہان عمر کا کہنا تھا کہ میری قیادت اور میری آواز کو دبایا نہیں جا سکتا، اگر میں اس پارلیمانی کمیٹی میں نہیں رہی پھر بھی میری آواز سب سے اونچی اور سب سے مضبوط آواز ہوگی۔ریپلکن ارکان نے الہان عمر کے 2019 میں دیے گئے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے بیانات کی وجہ سے اہم پارلیمانی کمیٹی کی رکنیت سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2019 میں الہان عمر نے اپنے ٹوئٹر اکانٹ سے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ Its all about the Benjamins baby جس کا مطلب تھا کہ امریکی سیاست میں جو بھی اسرائیل کی حمایت کرتا ہے وہ اصولوں کے بجائے پیسوں کیلئے کرتا ہے۔ریپلکن ارکان کا کہنا تھا کہ الفاظ اور بیانیہ اہمیت کے حامل ہونے کے ساتھ کسی بھی وقت نقصان کا سبب بن سکتے ہیں اور رکن کانگریس الہان عمر کے الفاظ اور افعال کا محاسبہ کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں