حکومت کشمیری قیادت کی رہائی کےلئے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرے، مشعال ملک

اسلام آباد (انتخاب نیوز) کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پاکستان یاسین ملک سمیت جیلوں میں بند حریت قیادت کی رہائی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرے ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت ختم اور آبادی میں تبدیلی پر نئی قرارداد اورکشمیرانوائے مقرر کیا جائے ، دنیا کا امن کشمیر کے پرامن حل کے ساتھ منسلک ہے ، ہندوستان کے اندر سول وار آرہی ہے ، بھاری سرمایہ کاریاں بھی اسی سول وار کی نذر ہوجائیں گی ۔ وہ جمعہ کو وزارت اطلاعات و نشریات کے ذیلی ادارے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز (ڈی ای ایم پی) کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں منعقدہ ایک روزہ ڈیجیٹل فوٹوگرافک اینڈ پینٹنگ نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز طارق محمود ، اے پی ایچ سی راہنما عبدالحمید لون ، ڈائریکٹر فلم آصف الرحمان ، ڈپٹی ڈائریکٹر فلم اینڈ ایگزبیشن فارینہ مغل سمیت وزارت اطلاعات و نشریات کے حکام تقریب میں شریک تھے ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ڈی ای ایم پی طارق محمود نے نمائش سے متعلق شرکا کو بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز نے جامعات کے طلبا و طالبات کی جانب سے تیار کردہ آزادی تحریک کے حوالے سے پینٹگز مقابلوں میں بہترین فن پاروں کو آج نمائش کے لئے رکھا گیا ہے جبکہ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز کی جانب سے تیار کی گئی”کشمیر بلیک آﺅٹ“اور”سٹوری آف کشمیر “دستاویزی فلموں اور یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ”کشمیر ہمارا ہے“کے عنوان سے نغمے کا اجرا کیا گیا ہے ، یہ بھی اسی نمائش کا ہی حصہ ہیں۔ مشعال حسین ملک نے کہا کہ آج کی اس نمائش میں تحریک آزادی کو بہترین انداز میں اجاگر کیا گیا ہے ، تصویر دنیا کو اصل حقیقت سے آشنا کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں قیامت کا منظر ہے ،ہم نے اپنی نئی نسل کو بتانا ہے کہ بھارت75 سال سے کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے ، مقبوضہ کشمیر میں مکمل بلیک آﺅٹ ہے کوئی ہے ہی نہیں جو بھارت کی تخریب کاری کو روکے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سے مطالبہ ہے کہ یوکرائن سمیت بڑے تنازعات پر نوٹس لئے جاتے ہیں اور رپورٹس پر ایکشن ہوتے ہیں لیکن کیا وجہ ہے انھیں بھارت کی ریاستی تخریب کاری نظر نہیں آرہی ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت پابند سلاسل ہیں، حریت راہنما علی گیلانی کی میت کی بے حرمتی کی گئی، ارشد سراہی کو جیل کے اندر زہر دیا گی، آسیہ اندرابی جیل میں بیمار ہے ، شبیر شاہ کے اہل خانہ دھکے کھارہے ہیں، یاسین ملک کو ایک قبر میں رکھا گیا ہے، پچھلے چار سالوں سے انھیں ڈیڈ سیل میں رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کو وضو کےلئے ابلتا ہوا پانی دیا گیا جس کی وجہ سے ان کا دائیں بازوں جل گیا ہے جس میں پس پڑ گئی ہے ۔انہو ں نے کہا کہ بھارت جو دھمکیاں دے رہا ہے اسکی بنیاد مقبوضہ کشمیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جس انداز کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کا جغرافیہ تبدیل کر دیا ہے اگر توجہ نہ دی گئی تو ایک سال میں مقبوضہ کشمیر منی بھارت بن جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں