گوادرمیں انڈس ہسپتال کے ملازمین کا احتجاج مریض رل گئے

گوادر(انتخاب نیوز)جی ڈی اے (انڈس) ہسپتال گوادر میں ٹیکنیشن علمے کے جاری احتجاج کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ تنخواہوں میں اضافہ کے مطالبے پر ملازمین گزشتہ کئی دنوں سے احتجاج پر ہیں لیکن اس پر حکام کی توجہ تاحال مرکوز نہیں ہوپائی ہے۔ پہلے یہ نوید سنائی گئی تھی کہ جی ڈی اے ہسپتال کی نئی انتظامیہ کے آنے کے بعد ہسپتال جدید خطوط پر استوار ہوگا اور شہریوں کو علاج و معالجہ کی ہر قسم کی سہولیات میسر آئینگی لیکن اب صورتحال یہ ہے کہ ملازمین احتجاج پر چلے گئے ہیں۔ جی ڈی اے (انڈس ہسپتال) گوادر کا سب سے بڑا اسپتال ہے وہاں ملازمین کے ہڑتال کی وجہ سے ضلع بھر سے آنے والے مریض رل رہے ہیں اور جو ملازمین ہڑتال پر ہیں ان کی کوئی شنوائی بھی نہیں ہورہی ہے۔ صوبائی حکومت، جی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ گوادر کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔ نیشنل پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ ہڑتالی ملازمین کے جائز مطالبات پر غور کرنے سمیت مریضوں کو جو مشکلات درپیش ہیں اس کے لئے اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں