مہنگائی مزید بڑھے گی، عوام کے ووٹوں سے مخالفین کو عبرتناک شکست دیں گے، قاسم سوری
کوئٹہ (آن لائن) تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی و امیدوار برائے NA 265 قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ عوام کے ووٹوں سے مخالفین کو عبرتناک شکست دیں گے میں نے اپنے دور میں کوئٹہ سمیت صوبے میں گیس کے مسئلے کے حل سمیت دیگر معاملات کی بہتری کے لئے کردار ادا کیا ہے اور 1 ارب روپے سے زائد کے منصوبے شروع کروائے ہیں جن کے مکمل ہونے سے لوگوں کی مشکلات کم ہوں گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ قومی اسمبلی این اے 265 کوئٹہ 2 کے 16 مارچ کوہونے والے ضمنی الیکشن کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرصوبائی وزیر مبین احمد خلجی، پارٹی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر منیر احمد بلوچ،وزیر اعلی کی کوارڈینیٹر ذولیخہ مندوخیل ، صادق آغا ، باری بڑیچ، حاجی سیف اللہ کاکڑ،سردار زین العابدین خلجی، داود خان پانیزئی ، نور خان خلجی، جعفر کاکڑ، اختر مندوخیل، عالم کاکڑسمیت دیگربھی موجود تھے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے مرکزی رہنما نوبزادہ شریف جوگیزئی نے بھی اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں ایک بار پھر سے 25 جولائی 2018 کی طرح عوام کے تعاون اور ووٹوں کی مدد سے بھرپور کامیابی حاصل کرینگے 16 مارچ کے ضمنی الیکشن میں پاکستانی قوم بلے پر مہر لگا کر حقیقی آزادی میں اپنا حق رائے دہی ادا کرینگے اور پی ڈی ڈیم کو شکست فاش دینگے کیونکہ پی ٹی آئی کی منتخب حکومت غیر ملکی ایماپر ہٹائی گئی اور رجیم چینج سہولت کاروں نے برسر اقتدار آکر اپنی کرپشن کے 1100 ارب کے کیسز ختم کروائے استعفے کے معاملے پر غیر جمہوری اقدامات کئے ابتدامیں ہمارے استعفی قبول نہیں کئے گئے بعد میں اپوزیشن لیڈر کو تبدیل کرنے کے خوف کے باعث استعفی قبول کئے گئے۔ ان لوگوں کی نااہلی سے ملکی معیشت تباہ اور مہنگائی بڑھ رہی ہے آئی ایم ایف کی شرائط مان کر اضافی ٹیکس لگائے جائیں گئے جس سے مزید مہنگائی بڑھے اور لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ این اے 265 میں مخالفین کو عبرت ناک شکست دیں گے ہم نے کوئٹہ شہر میں ایک ارب سے زائد کا گیس منصوبہ لایا اپنے حلقے میں کوئٹہ سے ژوب ڈبل روڈ اور دل کا ہسپتال بنایا بجلی کے نئے فیڈرز، نادرا کا میگا سینٹر اور چائینز حکومت کے تعاون سے ٹیوب ویل لگوائے ۔ جن سے صوبے کے لوگ مستفید ہورہے ہیں۔


