شہریوں کی حفاظت اور چینی باشندوں کو فول پروف سیکورٹی مہیا کی جائے، وفاقی وزیر داخلہ

گوادر (نمائندہ انتخاب) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا دورہ گوادر۔ وزیر داخلہ کی انسداد تخریب کاری اور غیر ملکی شہریوں کی سیکورٹی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت۔ اجلاس میں وزیر داخلہ کو سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، چیف سیکرٹری بلوچستان، آئی جی بلوچستان اور سیکورٹی اداروں کے نمائندوں کی شرکت۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملکی اور غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں، ان اقدامات پر عملدرآمد میں ہر گز کوتاہی نہ برتی جائے، چینی باشندوں کو فول پروف سیکورٹی مہیا کی جائے۔سی پیک کے تحت تمام منصوبوں کا ایک فیصد سیکورٹی کے لئے مختص کیا گیا ہے، اس قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ ترجیحی بنیادوں پر سیکورٹی اداروں میں خالی اسامیوں کو پر کیا جائے، سیکورٹی اداروں کی بھرتی میں مقامی افراد کو ترجیح دی جائے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے مختلف شہروں کے دورے پر ہیں۔ ملکی اور غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں