ایف بی آر ہوش کے ناخن لے، دکانداروں کو ناحق تنگ کیا تو سخت احتجاج کریں گے، انجمن تاجران بلوچستان
کوئٹہ: انجمن تاجران بلوچستان رجسٹرڈ کے صدر رحیم آغا، حاجی نصرالدین کاکڑ، عمران ترین، حاجی یعقوب شاہ کاکڑ، میر محمد رحیم بنگلزئی، سید حیدر آغا، ولی افغان، طاہر خان جدون، اسلم خان اچکزئی، حاجی فاروق شاہوانی، شفیع آغا، حسن خلجی، خان کاکڑ، منظور ترین، آمردین آغا، بسم اللہ ترین، فیض محمد داوی، ظہور کاکڑ، حاجی شاہ محمد، دوست محمد ترین، حاجی قیوم خلجی، فیض افغان اور دیگر عہدیداروں نے ایف بی آر کی جانب سے کوئٹہ میں سیلز آف پوائنٹ اور سیلز ٹیکس سیمت دیگر بہانوں سے متعدد دکانیں سیل کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف بی آر کے اہلکار ہوش کے ناخن لیں اور ناحق دکانداروں کو تنگ کرنے سے باز آجائیں بصورت دیگر سخت احتجاج کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہم ایف بی آر کے نام نہاد آفیسران کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ دکانداروں کو دکانیں سیل کرنے کی دھمکیاں دیکر رشوت ستانی کے لئے راہ ہموار کرنے کی ناکام کوششں نہ کریں، بصورت دیگر اپنے نفع و نقصان کے خود ذمہ دار ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ یہ کوشش کی ہے تاجر برادری کو درپیش مسائل گفت و شنید سے حل کیے جائیں لیکن جو آفیسران خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں اور تاجروں کو بلیک میل کرکے رشوت ستانی کے لئے راہ ہموار کرنے کی کوشش کرتے ہیں ہم انکا علاج کرنا اچھی طرح جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے بعد اگر ایف بی آر والوں نے کسی بھی تاجر کی دکان سیل کی تو حالات کی ذمہ داری ایف بی آر والوں پر عائد ہوگی وہ اس لیے کی ایک طرف کاروبار نہیں ہے۔ دوسری طرف سرکار کی جانب سے خود ساختہ مہنگائی اور بھاری بھرکم ٹیکسوں نے تاجر برادری کو کاروبار سے بیزار کردیا ہے، دکاندار اپنی دکانوں کے کرائے اور خرچے پورے نہیں کرسکتے، دوسری طرف ایف بی آر والے ڈرامے کرتے ہوئے آئے روز دکانوں کو سیل کرکے دکانداروں کو بلیک میل کرکے بھاری رقم وصول کرتے ہیں جسے آئندہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔


