شیخ رشید پرحکومتی جبر کا سلسلہ جاری ہے ،اسدعمر
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مرکزی سیکرٹری جنرل تحریک انصاف اسد عمر نے کہا ہے کہ سینئر سیاستدان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد پرحکومتی جبر کا سلسلہ جاری ہے دورانِ حراست روا رکھے جانے والے اس سلوک کی شدید مذمت کرتا ہوں ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ سرکار انتقام کی آگ میں نری وحشت اور حیوانیت پر اتری ہوئی ہے،سیاسی مخالفین کو جھکانے کیلئے ظلم کا ہر حربہ آزمایا جارہا ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ قوم سے ملنے والی نفرت، حکومت چلانے میں ناکامی کا غصہ سیاسی مخالفین پر اتارا جا رہا ہے،شیخ رشید احمد کے سیاسی قد کاٹھ اور عمر کا لحاظ کئے بغیر نہایت بیشرمی سے انہیں نہایت ناروا سلوک کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، انھوں نے کہا کہ مضحکہ خیز مقدمہ بازی سے شیخ رشید کو جھکانے میں ناکام ہوئے تو قید میں ان کے ساتھ درندگی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے،قانون سنگین اخلاقی جرائم کے مرتکب افراد کے بھی حقوق متعین کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہسیاسی بنیادوں پر آزادی سے محروم کرنے کے بعد شیخ رشید سے دوران حراست بدسلوکی شرمناک اور یکسر ناقابلِ قبول ہے،دستور و قانون کی پامالی کی راہ ترک کرکے امپورٹڈ سرکار انسانیت کا مظاہرہ کرے،سیاسی انتقام کے سلسلے کو اس حد تک نہ لے کر جائیں جہاں سے واپسی ممکن نہ ہو۔اسد عمرنے مطالبہ کیا کہ معزز عدالت شیخ رشید سے دورانِ قید روا رکھی جانے والے خلافِ قانون برتا کا نوٹس لے۔تحریک انصاف شیخ رشید احمد سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔


