پشاور، تھانہ چمکنی پر نامعلوم افراد کا دستی بم سے حملہ، جوابی فائرنگ سے ملزمان فرار

پشاور (این این آئی) پشاور کے جی ٹی روڈ پر بی آر ٹی ٹرمینل کے قریب تھانہ چمکنی پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں احاطے میں کھڑی موٹر سائیکلوں کو نقصان پہنچا۔پولیس کے جاری کردہ بیان کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سواروں سے علی الصبح 3 سے 4 بجے کے قریب تھانے پر دستی بم پھینکا تاہم حملے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور پولیس کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب رہے۔بعدازاں پولیس نے پولیس نے ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔اس سلسلے میں سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) دیہی ظفر احمد نے کہا کہ پولیس جوان پہلے سے ہی الرٹ اور تیار تھے جنہوں نے فوری طور پر بھر پور جوابی فائرنگ کی، جس کی وجہ سے حملہ آور بھاگ گئے۔انہوںنے کہاکہ دہشت گردوں کو اپنے مذموم مقاصد میں ناکام بنا کر ان کا مقابلہ کرنے کے لیے پشاور پولیس پہلے سے زیادہ الرٹ ہے،اس کے علاوہ ایس پی ظفر احمد کی قیادت میں رات گئے پولیس کی اضافی نفری نے اطراف اور مضافاتی علاقوں میں سرچ آپریشن بھی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں