ریاست مادری زبانوں کو آئینی طور پر قومی زبانوں کا درجہ دے، نیشنل پارٹی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی اور بی ایس او پجار کوئٹہ کی جانب سے مادری زبانوں کے عالمی دن کی مناسبت سے پریس کلب کوئٹہ میں تقریب ہوئی۔ تقریب کی صدارت نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میر رحمت صالح بلوچ نے کی، مہمان خاص سینئر صحافی شہزادہ ذوالفقار احمد اور بی ایس او پجار کے صوبائی صدر بابل ملک بلوچ تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ قوموں کی بودو باش، رسم و رواج، اقدار و روایات، تہذیب و تمدن اور تاریخ و ادب میں مادری زبان اولین کردار ادا کرتا ہے۔ زبان کو کھونے سے قومیں اپنے وجود کو کھو سکتی ہیں۔ دوسری طرف عالمی طور پر بار آور ثابت ہوچکا کہ مادری زبان میں تعلیم و تربیت سے ہی بچہ بہتر تعلیم حاصل کرسکتا ہے اور اپنی قوم سمیت مکمل سماج کےلیے روشن مستقبل کی نوید ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کثیر القومی ریاست ہے جس میں قومیں اپنی تاریخی سر زمین، ثقافت و تہذیب، زبان اور تاریخ رکھتی ہیں۔ اس لیے ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ ریاست مادری زبانوں کو ریاستی و آئینی طور پر قومی زبانوں کا درجہ دیتی اور تعلیم کو مادری زبان میں لازمی قرار دیتی لیکن افسوس ایسا نہ ہوا اور ملک میں قومیتوں کے وجود سے انکار کی پالیسی نے انتشار و انارکی کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کے لیے ہر وہ زبان قابل قدر ہے جو قوموں کی نمائندگی کرتی ہے اور ہر وہ شخص قابل تعریف ہے جو اپنی مادری و قومی زبان کی ترقی و ترویج کے لیے کردار ادا کرتا ہے۔ شاعر، دانشور، لکھاری اور محقق قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں جو اپنی زبان کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنا علم و عمل منتقل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں ڈاکٹر مالک بلوچ کی سربراہی میں مادری زبانوں کو نصاب کا حصہ بنایا اور نصاب کو مرتب کرنے کا آغاز کیا لیکن افسوس نیشنل پارٹی کی حکومت کے بعد اس تسلسل کو روکا گیا۔ نیشنل پارٹی جب دوبارہ اقتدار میں آئی تو مادری زبانوں کے حوالے سے معیاری کام کریگی۔ تقریب میں نیشنل پارٹی و بی ایس او پجار کے دوست، ادیب و دانشور، شاعر، لکھاری اور خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے سینئر صحافی شہزادہ ذوالفقار احمد نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر میر عبدالخالق بلوچ بی ایس او کے صوبائی صدر ملک بابل بلوچ بلوچی اکیڈیمی کے ڈاکٹر بزن بلوچ، براہوی اکیڈیمی کے قیوم بیدار، ہزارہ اکیڈیمی کے احمد علی بیگ، کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری چنگیز علی ایڈووکیٹ، نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے نائب صدر حنیف کاکڑ، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاجی عبدالصمد بلوچ، بلوچستان یونیورسٹی کے پروفیسر حسن آر مگسی، شاعر و مفکر ظہور زیدی، نیشنل پارٹی کے ورکنگ کمیٹی کی رکن سلمیٰ قریشی نے بھی خطاب کیا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض نیشنل پارٹی کوئٹہ کے جنرل سیکرٹری ریاض زہری اور ورکنگ کمیٹی کے رکن محمود رند نے انجام دیے۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی فنانس سیکرٹری حاجی فدا حسین دشتی ممبران مرکزی کمیٹی نیاز بلوچ یونس بلوچ سمیت دیگر موجود تھے۔


