بلوچستان میں 257729 بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخل کرانے کا ہدف مقرر کیا ہے، ڈائریکٹر اسکولز
کوئٹہ : ڈائریکٹر اسکولز بلوچستان عبدالواحد شاکر بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت نے تعلیم کے فروغ کو یقینی بناتے ہوئے یکم مارچ سے 15 اپریل تک داخلہ مہم شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہم کے دوران 257729 بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخل کرانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اس میں 162999 لڑکے اور 94730 لڑکیوں کو سکولوں میں داخل کیا جائے گا۔ اس مہم کا مقصد ہر بچے کو تعلیم فراہم کرنا ہے اس کے لئے صوبائی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ڈائریکٹر ایجوکیشن کوئٹہ ڈی ای او فیمیل ثمینہ ، نقیب اللہ خلجی، محمد عرفان، سلیم زرکون سمیت دیگر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ داخلہ مہم کے حوالے سے قائم کی جانے والی ،صوبائی کمیٹی میں یونیسف، یورپی یونین، گلوبل پارٹنر شپ فار ایجوکیشن ،مرسی کور ، پی ایم یو، بی آرایس پی، آئی آر سی، این سی ایچ ڈی، بی ای ایف سمیت مختلف تنظیموں کے نمائندے شامل کئے گئے ہیں ۔ ضلعی سطح پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی ہے،اس کے علاوہ تحصیل کی سطح پر ڈی ڈی او اور کلسٹر کی ہیڈ سکول کی کمیٹی ہیڈ ٹیچر کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے۔ گھر گھر داخلہ مہم بلوچستان بھر میں چلائی جائے گی اس دوران عوام میں آگاہی فراہم کرنے کے لئے واک، سیمینار اور لاڈ اسپیکر کے ذریعے آگاہی اور شعور اجاگر کیا جائے گا۔ جوکہ صوبے سے لیکر گاں کی تک تک سرگرمیاں کی جائیں گی۔ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے 8 ہزار پانچ سو اسامیاں مشتہر کی گئی ہیں، کتابوں کی چھپائی کے لیے فنڈز کی کمی نہیں، 34 اضلاع میں کتابیں پہنچادی گئی ہیں۔ضروری سامان ، مرمت، فرنیچر کے لئے کلسٹر بجٹ بھی منظور کرلیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت تک میرے علم میں نہیں کہ کوئٹہ شہر کے کسی سکول پر قبضہ مافیا کا قبضہ ہے، محکمہ تعلیم بلوچستان نے سکول داخلہ مہم شروع کردی ہے مہم یکم مارچ سے 15 اپریل تک جاری رہے گی اس میں 257729 نئے بچوں کو سکولوں داخل کرانے کا ہدف مقرر کیا گیاہے جس میں162999 لڑکے اور 94730 لڑکیا سرکاری سکولوں میں داخل کی جائیں گی۔ ان کاکہنا تھا کہ اس مہم کے دوران اس سال داخلہ مہم کا نعرہ ہے ہر بچہ سکول میں اچھا ہے تعلیم کے بغیر ترقی کا تصور کرنا ممکن نہیں خوشحال بلوچستان کا خواب شرمندہ تعبیر بنانے کے لئے ہر بچے کو زیور تعلیم اور معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا ہوگا اس لئے محکمہ بلوچستان ، بلوچستان حکومت نے داخلہ مہم کے دوران بچوں کو سکولوں میں داخل کرنے کے لئے اہداف مقرر کئے گئے ہیں بلوچستان جوکہ وسیع رقبے پر مشتمل صوبہ ہے جس میںاس وقت 15ہزار 179 سکولز ہیں جس میں 1119825 بچے زیر تعلیم ہیں۔ ہماری والدین ، معاشرے کے ذی شعور طبقے، اساتذہ ، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوں سے اپیل ہے کہ اس مہم کو کامیاب بنانے اور بچوں کو سکول میں داخلے کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے ہمارا ساتھ دیں تاکہ نوجوان نسل کو زیور تعلیم سے رآستہ کرتے ہوئے لکھا پڑھا بلوچستان کا خواب شرمندہ تعبیر بنایا جاسکے۔


