روس یورپ گیس پائپ لائن کو صدر بائیڈن کے حکم پر اڑایا گیا ، امریکی صحافی
ماسکو(شِنہوا)امریکی تحقیقاتی صحافی سیمور ہرش نے کہا ہے کہ صدر جو بائیڈن نے نارڈ سٹریم پائپ لائن دھماکوں کا حکم دیا تھا تاکہ جرمنی پر روس کے خلاف پابندیاں جاری رکھنے کے لیے دبا ڈالا جا سکے۔ آرٹی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ہرش نے وضاحت کی کہ بائیڈن نے پائپ لائن دھماکوں کا حکم دیا تھا ۔انہوں نے اس واقعے میں ملوث ہونے سے انکار کرنے کی واشنگٹن کی کوششوں کو مکمل "افسانہ” قرار دیا۔صحافی کے مطابق امریکی صدر نے عوام سے یہ جھوٹ بولا کہ اس نے حملوں کی اجازت نہیں دی ۔ ہرش کے مطابق، تخریب کاری کا اصل مقصد اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ یورپ نیٹو کی حمایت جاری رکھے اور یوکرین کو اپنے ہتھیاروں کی سپلائی میں اضافہ کرے، تاکہ وہ اس جنگ جاری رکھے جسے وہ "روس کے خلاف ایک واضح پراکسی جنگ” کہتے ہیں۔ فروری کے شروع میں، ہرش نے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ امریکہ اور ناروے نے جون 2022 میں ایک خفیہ آپریشن کے دوران ریموٹ سے متحرک دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا، جس نے تین ماہ بعد نورڈ اسٹریم کی چار پائپ لائنوں میں سے تین کو تباہ کر دیا تھا۔


