کوئٹہ سمیت بلو چستان کے مختلف علاقوں میں بارش، سنجاوی میں برفباری
کوئٹہ : کوئٹہ سمیت بلو چستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواﺅں کے ساتھ بارش کا سلسلہ۔ بدھ کو صوبے کے بیشتر بالائی اضلاع میں مطلع ابرآلود رہا جبکہ کوئٹہ،ژوب ، زیارت ، چمن، سبی، خضدار، قلات، نصیر آباد، بارکھان، دالبندین، پنجگور اور نوکنڈی میں تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بارش سے موسم ایک بار پھر سرد ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارکھان میں33، خضدار میں25، چمن میں04، دالبندین میں03، نوکنڈی میں 2ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ مو سمیات نے آج ( جمعرات )اور کل (جمعہ )کو بھی کوئٹہ،ژوب ، زیارت ، چمن، سبی، خضدار، قلات،نصیر آباد، با رکھان، پنجگور، کیچ ، دالبندین اورنوکنڈی میں تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ دریں اثنا سنجاوی میں شدید ژالہ باری کے بعد برف باری ،سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ گزشتہ رات سنجاوی کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد رات گئے سے لیکر صبح تک طور تاند وانی اصغرہ میں ژالہ باری اور برف باری کے بعدپہاڑوں سمیت مختلف علاقوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔برف باری اورژالہ باری سے گندم ودیگر فصلات کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔


