وی بی ایم پی کا بھوک ہڑتالی کیمپ کراچی سے کوئٹہ منتقل، آخری لاپتہ فرد کی بازیابی تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم
کراچی (انتخاب نیوز) وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے بھوک ہڑتالی کیمپ کو آج کراچی سے کوئٹہ منتقل کیا گیا۔ وی بی ایم پی کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ نے آج کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی، سابق صدر فاضل جمیلی، عارف بلوچ، سعید جان بلوچ، رفیق بلوچ، ایچ آر سی پی کراچی کے کو آرڈینیٹر چیئرمین اسد اقبال بٹ، وائس چیئرمین قاضی خضر، کونسل ممبر سندھ سعید بلوچ، کوآرڈینیٹر عبدالحئی، بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی کی آرگنائزر بانک آمنہ بلوچ، ڈپٹی آرگنائزر عبدالوہاب بلوچ، میر بالاچ، زاہد بگٹی، نور شاہ، سہیل بلوچ، عدیل بلوچ، ظہیر نور، یاسر بلوچ و دیگر سے الوداعی ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے وی بی ایم پی کیمپ کے سلسلے میں تمام ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کے تعاون کے بغیر ہمارے لئے کیمپ کو چلانا ناممکن تھا، جن لوگوں نے ہمیشہ ہمارا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے ان تمام سیاسی پارٹیوں، سول سوسائٹی، وکلائ، ڈاکٹرز، سیاسی، سماجی کارکنوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے کیمپ کا دورہ کیا، وی بی ایم پی کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ، جنرل سیکرٹری بانک سمی دین محمد بلوچ اور مسنگ پرسنز کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کے تمام تر مظالم کے باوجود ہماری جدوجہد آخری لاپتہ افراد کی بازیابی تک جاری رہے گی، آئندہ آنے والے دنوں میں وی بی ایم پی لاپتہ افراد کی جلد بازیابی کے اپنی جدوجہد میں مزید تیزی لائے گی۔


