بلیدہ میں با اثر لوگ پاک ایران بارڈر سے لوٹ مار کرکے اپنے خزانے بھررہے ہیں، سیاسی و سماجی شخصیات
تربت (نمائندہ انتخاب) بلیدہ کے سیاسی و سماجی شخصیات کا ایک اہم اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا ۔ اجلاس حاجی امام باہڈ کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں چیئرمین ظریف رند، حاجی ناصر پلیزئی، سیٹھ راشد عبدالرحمان، سیٹھ کریم جان، عبدالسلام اور دیگر اہم رہنما¶ں نے شرکت کی۔ اجلاس میں بارڈر کے امور سمیت بلیدہ زامران کے جملہ مسائل پر تفصیلی بحث ومباحثہ کیا گیا، اجلاس کے شرکاءنے بارڈر کے روزگار کے متعلق تنگی و پریشانی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گھر گھر مہم کے ذریعے عوام کو متحد کرنے اور تحریک چلانے کا فیصلہ کیا،شرکاءنے کہا کہ بارڈر کا روزگار بلیدہ اور زامران کے عوام کا واحد ذریعہ معاش ہے جسے مافیا نے یرغمال بنایا ہوا ہے، با اثر لوگ بارڈر سے لوٹ مار کرکے اپنے خزانے بھر رہے ہیں جبکہ غریب و حقدار لوگ روزگار سے محروم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آباءواجداد کی یہ ذرائع معاش ہے، اسے تباہ کرنے اور اپنے بچوں کو نان شبینہ کا محتاج کرنے نہیں دیںگے،اسی طرح بلیدہ اور زامران میں صحت تعلیم بجلی اور سڑکوں کی تباہ حالی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ بلیدہ واحد حلقہ ہے جہاں لوٹ کھسوٹ کی منڈی لگی ہوئی ہے، صاحب مسند گھرانہ تین دہائیوں سے اپنے گھرانہ کو سنوارنے میں مشغول ہے، انہوں نے نوزائیدہ ٹھیکیداروں کے ذریعے عوامی فنڈز کو لوٹ کر سیاسی رشوت کا ذریعہ بنایا ہوا ہے،شرکاءنے بدامنی اور چوری ڈکیتی کے بڑھتے واقعات پر برہمی کا اظہار کرتے کہا کہ انتظامیہ ٹوکن فروشی میں اتنی مصروف ہے کہ انہوں نے عوام الناس کے تحفظ کی ذمہ داری کو یکسر ترک کر دیا ہے، حکام بالا سے گزارش کی گئی کہ وہ انتظامیہ کے رویہ کا نوٹس لیکر عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے،اجلاس میں طے پایا کہ بارڈر کے امور اور بلیدہ زامران کے جملہ مسائل کے گرد باقاعدہ عوامی تحریک کا آغاز کیا جائے گا، اس سلسلے میں گھر گھر مہم چلا کر عوام کو متحرک و متحد کیا جائے گا، آئندہ مشاورتی اجلاس سلو بلیدہ میں بارڈر یونین آفس میں طلب کی گئی ہے جس میں آئندہ لائحہ عمل طے کی جائے گی۔


