اسلام آباد یونائیٹڈ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیکر پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی
راولپنڈی (انتخاب نیوز) ایچ بی ایل پی ایس ایل (پاکستان سپر لیگ) کے 21 میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیکر ٹورنامنٹ کے پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی۔ راولپنڈی کرکٹ گراونڈ میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز یاسر خان اور ول سمیڈ نے کیا لیکن ول سمیڈ بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہو گئے، یاسر خان بھی 5 رن کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ کپتان سرفراز احمد کو مبصر خان نے باونڈری پر شاندار کیچ پکڑ کر پویلین کی راہ دکھائی۔ افتخار احمد بھی 17 کے مجموعے پر صرف 2 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے، چار وکٹیں جلد گرنے کے بعد محمد نواز اور نجیب اللہ زادران کے درمیان 104 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور محمد نواز 52 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ نجیب اللہ زادران بھی 59 رنز کی اچھی اننگز کھیل کر آوٹ ہوئے لیکن عمر اکمل نے آتے ہی چھکوں کی برسات کردی اور صرف 14 گیندوں پر 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 43 رنز اسکور کر کے اپنی ٹیم کا اسکور 179 رنز تک پہنچا دیا۔ اسلام آباد کی جانب سے فضل حق فاروقی نے 3، فہیم اشرف نے دو اور رومان رئیس نے ایک کھلاڑی کو آو¿ٹ کیا۔


