فخر ہے ہماری فلم جوائے لینڈ نے انٹرنیشنل فلم ایوارڈ اپنے نام کیا، ملالہ یوسفزئی
نیو یارک :نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے کہا ہے کہ پاکستانی فلم جوائے لینڈ کو بیسٹ انٹرنیشنل فلم ایوارڈ کا ایوارڈ ملنا ایک ناقابل یقین لمحہ ہے۔ملالہ یوسف زئی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ پر انڈیپنڈنٹ اسپرٹ ایوارڈز کی تقریب سے کچھ یادگار تصاویر اور ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایوارڈ کی تقریب میں فلم جوائے لینڈ کے لیےبیسٹ انٹرنیشنل فلم ایوارڈ کا اعلان ہوتے ہی شرکا تالیاں بجاتے ہوئے کھڑے ہوکر فلم کی ٹیم کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں جبکہ تصاویر میں ملالہ اپنی فلم کی ٹیم اور تقریب میں شریک دیگر لوگوں کے ساتھ کیمرے کے لیے پوز دیتے ہوئے نظر آرہی ہیں۔ انہوں نے یہ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے بہت فخر ہے کہ ہماری فلم جوائے لینڈ نے انڈیپنڈنٹ اسپرٹ ایوارڈز میں بیسٹ انٹرنیشنل فلم ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔انہوں نے لکھا کہ یہ پاکستانی فنکاروں، فلم کے وژنری مصنف اور ہدایت کار کے لیے ایک ناقابل یقین لمحہ ہے۔انہوں نے لکھا کہ مجھے بہت سارے پرانے اور نئے دوستوں کو دیکھ کر اور ان کے کام کی حوصلہ افرائی کرنے کےلئے اس تقریب میں شرکت کرنا بہت اچھا لگا۔ملالہ یوسفزئی نے اپنی پوسٹ کے آخر میں انڈیپنڈنٹ اسپرٹ ایوارڈز جیتنے اور نامزد ہونے والوں کو مبارکباد بھی دی۔


