قومی حقوق کی جدوجہد میں خواتین کو پیش پیش رہنے کی سزا پابند سلاسل کرکے دی جارہی ہے، شکیلہ نوید دہوار

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی وومن سیکرٹری و رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے کہا ہے کہ بلوچستان کی خواتین نے قومی حقوق کی سیاسی و جمہوری جدوجہد میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر آج پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں تقریب منعقد کی جائے گی تقریب میں مختلف سیاسی جماعتوں سول سوسائٹی و مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے مزید کہا کہ بلوچستان کی خواتین قومی حقوق کی جاری جدوجہد میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہیں جس کی پاداش میں آج صوبے کی خواتین کو بھی پابند سلاسل کیا جارہا ہے انہوں نے کہاکہ ہم ایک ایسے وقت میں خواتین کا عالمی دن منا رہے ہیں جب بلوچستان میں ہزاروں جوانوں کو لاپتہ کئے جانے کے بعد اب خواتین کو بھی لاپتہ کیا جارہا ہے۔ ایسے میں عوام سیاسی و جمہوری قوتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر بلوچستان میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں بلوچ نوجوانوں اور خواتین کی ماورائے آئین گرفتاریوں کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں انہوں نے کہاکہ بلوچستان نیشنل پارٹی صوبے کی نمائندہ جماعت ہونے کے ناطے کسی بھی قوت کو یہ اجازت نہیں دے گی کہ وہ بلوچ ماں اور بہنوں کو حراست میں لے کر انہیں لاپتہ کریں ایسے منفی عزائم اور ہتھکنڈوں کیخلاف پارٹی نے ہمیشہ سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے انہوں نے آج بلوچستان نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ہونیوالی تقریب میں سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین سے شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں تقریب میں شریک ہوکر بلوچستان میں جاری ماورائے آئین اقدامات کے خلاف موثر آواز اٹھائیں انہوں نے پارٹی کے تمام یونٹ سیکرٹریز ڈپٹی سیکرٹری اور مرکزی کمیٹی کے خواتین ممبران کو تاکید کی کہ وہ آج ہونیوالی تقریب میں شریک ہوکر ہر سال کی طرح اس بار بھی خواتین کا عالمی دن بھرپور انداز میں منائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں