بلوچستان میں مزید چیک پوسٹیں پاک ایران تجارت میں رکاوٹ بنیں گی، اسلم بھوتانی

گوادر (آن لائن) رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی کا گوادر چیمبر آف کامرس کا دورہ، صدر شمس الحق کلمتی نے استقبال کیا اور گوادر پورٹ پر کاروباری سرگرمیوں سے متعلق آگاہ کیا اور پاک ایران بارڈر پر ٹریڈرز کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حال ہی میں ایک نیا کسٹم کلکٹریٹ خضدار کے مقام پر قائم کیا گیا ہے جو کراچی کلکٹریٹ کے زیر انتظام ہے خضدار سے لیکر حب تک صرف دو چیک پو سٹوں پر مشتمل ہے اور بارڈر ٹریڈ سے منسلک لوگوں کو خدشہ ہے اس سے مزید غیر ضروری چیک پوسٹیں بنیں گے جو کہ پاک ایران ٹریڈ میں مزید مشکلات کا سبب بنیں گی۔ جس پر ایم این اے نے اسلام آباد کسٹم حکام سے رابطہ کرکے بارڈر ٹریڈ سے منسلک لوگوں کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر انجمن تاجران کے صدر غلام حسین دشتی نے تاجران کے مسائل سمیت ملافاضل چوک میں سیوریج سسٹم سے متعلق درپیش مشکلات سے آگاہ کیا جس پر ایم این اے نے چیف انجینئر جی ڈی اے سید محمد کو بلایا اور ڈپٹی کمشنر گوادر عزت نذیر بلوچ سے رابطہ کرکے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی جبکہ انجمن تاجران کو تجویز دی کہ وہ مکی مسجد تا ملا فاضل چوک روڈ کی تعمیر میں رکاوٹ بننے کے بجائے تعمیر و ترقی میں تعاون کریں۔ اس موقع پر چمبر آف کامرس کے عہدیداران عبدالرحیم ظفر، شے مختیار، حاجی باسط، عبدالغفور ہوت و دیگر بھی موجود تھے۔ قبل ازیں ایم این اے نیشنل پارٹی سیکرٹریٹ آئے جہاں میر حسین اشرف سے ملاقات کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں