عمران خان ملک کو کمزور کرنے کے مشن پر ہے، انتشار اور افراتفری ثبوت ہے، خورشید شاہ
اسلام آباد:وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست کی بنیاد جھوٹ، دھوکہ، اور افراتفری ہے اور ایسی سیاست کا انجام کبھی اچھا نہیں ہو سکتا، اگر عمران خان سچا ہے تو پہلے فارن فنڈنگ، توشہ خانہ اور دیگر کیسز کا سامنا کرے اور پھر دوسروں پر الزام تراشی کرے، عمران خان ملک کو کمزور کرنے کے مشن پر ہیں اور ان کی انتشار اور افراتفری کی سیاست اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اپنے بیان میں خورشید شاہ نے کہا کہ ایسی سیاسی چالوں سے عمران خان کو ذاتی فائدہ تو ہو سکتا ہے مگر ملک و قوم کیلئے یہ چالیں بدامنی اور تنزلی کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری موجودہ معاشی ابتری کی بڑی وجہ عمران خان کی وہ معاشی اور خارجی پالیسیاں تھیں جن کا مقصد پاکستان کو عالمی طور پر تنہا اور معاشی طور پر کمزور کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملکی مفاد کی خاطر عمران خان کی مسلط کردہ حکومت کو بھی قبول کیا اور ملک کو افراتفری اور انتشار سے دوچار نہیں ہونے دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر عالمی برادری کا اعتماد بحال ہو رہا ہے اور بحالی اعتماد کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے ہماری ترجیح سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی رہی ہے اور ہم کم سے کم وقت میں سیلاب زدہ علاقوں کی مکمل بحالی کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کسانوں، محنت کشوں اور غریبوں کے مفادات پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور اتحادی حکومت آئندہ بجٹ میں عوام کو ان کی توقعات کے مطابق ریلیف مہیا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی مفاد کا تقاضا ہے کہ افراتفری کی سیاست سے گریز کیا جائے اور ملکی معیشت اور سیاست کو امن اور استحکام کے ساتھ اگے بڑھایا جائے۔


