لاہور قلندر نے ملتان سلطان کو ہرا کر پی ایس ایل 8 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

لاہور (انتخاب نیوز) لاہور قلندر نے ملتان سلطان کو ہرا کر پی ایس ایل 8 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ انتہائی سنسنی خیز رہا۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ 8 کے فائنل میں ملتان سلطانز ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز پر ہمت ہار گئی۔ سلطانز کی جانب سے رائلی روسو 52 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کپتان محمد رضوان 34، خوشدل شاہ 25، ٹِم ڈیوڈ 20، کیرون پولارڈ 19 اور عثمان خان 18 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 4، راشد خان نے 2 جبکہ ڈیوڈ ویزے نے 1 وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز اسکور کیے۔ قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق 65 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ فخر زمان 39 اور مرزا بیگ 30 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ کپتان شاہین شاہ آفریدی 15 گیندوں پر دھواں دار 44 رنز بنا کر ناٹ آوٹ پویلین لوٹے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر نے 3 جبکہ انور علی، احسان اللہ اور خوشدل شاہ نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں