عالمی عدالت سے وارنٹ گرفتاری، پیوٹن کا اگلے ہی روز یوکرین کے الحاق شدہ علاقے کا دورہ

ماسکو (مانیٹرنگ ڈیسک ) عالمی عدالت سے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے اگلے ہی روز روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اچانک یوکرین کے الحاق شدہ علاقے ماریپول کے دورے پر پہنچ گئے۔ روسی سرکاری ٹی وی چینل نے رات دیر گئے پیوٹن کے ماریپول شہر کے دورے کی فوٹیج جاری کردیں جس میں روسی صدر مقامی شہریوں سے ملتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ سرکاری طور پر جاری فوٹیج میں پیوٹن کو ماریپول کی سڑکوں پر رات کے اندھیرے میں اپنے ڈپٹی پرائم منسٹر کے ہمراہ گاڑی ڈرائیو کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جہاں انہیں مکانات، پلوں، اسپتالوں اور سڑکوں کی تعمیر نو کے حوالے سے بریفنگ بھی دی جا رہی ہے۔ پیوٹن نے ماریپول کے دورے کے دوران مقامی شہریوں سے بھی بات چیت کی، انہوں نے ایک خاتون سے پوچھا کہ کیا تم یہاں رہتی ہو؟ تمہیں یہ شہر پسند ہے؟ جس پر خاتون انہیں جواب دیتی ہیں کہ میں اس شہر کو بہت پسند کرتی ہوں، یہ ہمارے لیے جنت کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا ہے، جس کے بعد خاتون پیوٹن کا ہاتھ پکڑ کر پیوٹن کا شکریہ ادا کرتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں