یورپی یونین کے تعاون سے بلوچستان میں لائیو اسٹاک اور زراعت کی ترقی کیلئے مالی معاونت فراہم

کوئٹہ : یورپی یونین کے تعاون سے بلوچستان میں لائیو سٹاک اور زراعت کی ترقی کے لئے117 چھوٹے و درمیانی درجہ کے بزنس انٹر پرنیورز کو چھیبس کروڑ روپے مالی اعانت فراہم کر دی گئی۔یہ گرانٹ ضلع کوئٹہ، پشین، نوشکی، خاران، خضدار، لسبیلہ، پنجگور، کیچ، ژوب اور موسیٰ خیل سے تعلق رکھنے والے ان چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لئے جاری کی گئی جو زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں۔ یورپی یونین کے مالی تعاون سے گراسپ منصوبے پر عمل درآمد انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر (آئی ٹی سی)، پاکستان پاورٹی ایلیوئشن فنڈ (پی پی اے ایف) اور فوڈ اینڈ ایگریکلچر (ایف اے او) کے اشتراک سے کر رہا ہے۔ یہ گرانٹس پانچ لاکھ سے تین کروڑ روپے کی رقوم پر مشتمل ہیں اور ان کا اجراءزرعی شعبے میں بہترین منصوبے شروع کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔اس حوالے سے گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ نے پاکستان پاورٹی ایلیویئشن (پی پی اے ایف) کے پائیداردیہی ترقی کے منصوبے(گراسپ) ک تحت117چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے 260ملین روپے کی گرانٹس تقسیم کرنے کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی لائیو اسٹاک ذراعت کی ترقی سے وابستہ ہے۔صوبے میں چھوٹے درجے کے بزنس کے فروغ کے لئے بلوچستان میں زراعت اور لائیواسٹاک کے شعبوں کو ترقی دینا انتہائی ضروری ہے۔ بلوچستان حکومت صوبے میں زرعی ترقی کے ہرممکن اقدام اٹھائے گی۔ گورنر بلوچستان نے اپنے خطاب میں گراسپ منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت جاری ہونے والی گرانٹس صوبے میں زراعت کے فروغ اور مجموعی معاشی ترقی میں معاون ثابت ہوں گی۔ منصوبہ بندی و ترقی کے صوبائی وزیر حاجی نور محمد دمڑ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار مجموعی معاشی ترقی میں اہم کردار کے حامل ہیں۔ ہمیں وسیع اور پائیدار معاشی ترقی کے حصول کے لیے ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کرنے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ گراسپ منصوبے کے تحت دی جانے والی گرانٹس ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی پی اے ایف کی سابق چئیرپرسن روشن خورشید بروچہ نے کہا کہ گراسپ ایک منفرد منصوبہ ہے جس سے بلوچستان میں معاشی و سماجی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اور خواتین کو اپنی کاروباری صلاحیتوں کا اظہار کا بھر پور موقع میسر آئے گا۔پی پی اے ایف کے چیف آپریٹنگ آفیسر نادر گل بڑائچ نے اس موقع پر کہا کہ ہمارا مقصد صوبے کے کم ترقی یافتہ علاقوں کی بہتری کے لیے کردار ادا کرنا ہے اور مجھے یقین ہے کہ گراسپ منصوبہ بلوچستان کے 10اضلاع میں معاشرے کے غریب ترین طبقات کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد دے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم یورپی یونین اور آئی ٹی سی کے مشکور ہیں جن کی معاونت کی بدولت ان پسماندہ اضلاع میں زرعی شعبے میں کاروباروں کو ترقی دی جا سکے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں