چکوال اور مردان میں بارش، کمرے کی چھتیں گرنے سے چار افراد جاں بحق، متعدد زخمی
چکوال، مردان: پنجاب کے شہر چکوال اور کے پی کے شہر مردان میں بارش کے باعث چھتیں گرنے سے چار افراد جاں بحق ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق چکوال میں بارش کے باعث کمرے کی چھت گرنے سے 2مزدور جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو کے مطابق واقعہ تحصیل کلر کہار کے علاقے پیرکھارا میں نمک کی کان کی حدود میں پیش آیا جہاں کمرے کی چھت بارش کے باعث گرنے سے کمرے میں موجود 2 مزدور جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے مزدور احمد نواز اور ریاض کی لاشیں رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کردی گئی ہیں جب کہ زخمی مزدور کو طبی امداد دی جارہی ہے۔ خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں مکان کی چھت گرنے سے دو بچے جاں بحق ہوگئے ۔افسوس ناک واقعہ مردان کے علاقے شیر گڑھ میں پیش آیا جہاں بارش کے باعث کمرے کی چھت گرگئی ، ملبے تلے دب کر دو بچے جاں بحق جبکہ میاں بیوی زخمی ہوگئے ۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 ایمبولینس،میڈیکل اور ڈیزاسٹر ٹیم موقع پر پہنچ گئیں ۔ریسکیو1122 میڈیکل ٹیم نے زخمیوں کو ابتدائی طبی ابتدائی طبی امداد فراہم کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا۔


