بلوچستان میں گیس کی فراہمی، آئندہ دو روز میں بہتری کا امکان ہے، سوئی گیس حکام

کوئٹہ (این این آئی) بلوچستان میں سوئی گیس کی فراہمی کی صورتحال میں بہتری نہ آسکی شہریوں کو سحر اور افطار کے اوقات میں مشکلات کا سامنا، سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کے مطابق صوبے میںلوڈ مینجمنٹ کی جارہی ہے دو روز میں صورتحال میں بہتری کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک میں سحر اور افطار کے اوقات میں گیس پریشر میں مسلسل کمی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔صوبے میں جاری بارشوں نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے جبکہ شہری گیس نہ ہونے کے باعث دوہری اذیت کا شکار ہیں ۔ گیس پریشر میں کمی کے حوالے سے رابطہ کرنے پر سوئی سدر ن گیس کمپنی کے ترجمان سلمان صدیقی نے بتایا کہ بلوچستان میں غیر متوقع سردی کی لہر سے گیس کی مانگ میں اضافہ ہوا جس کی وجہ سے رمضان المبارک کے ابتدائی تین دنوں کے دوران شہریوں کو مشکلات درپیش رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں گیس کی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی البتہ سحر اور افطار کے اوقات میں گیس کی مناسب سپلائی کے لئے آف پیک آورز یعنی صبح 8سے دوپہر اڑھائی بجے تک لوڈ مینجمنٹ کے تحت گیس پریشر میں کمی کی جاتی ہے ۔ترجمان نے بتایا کہ صوبے میں گیس کی ڈیمانڈ اور سپلائی میں کوئی فرق نہیں ہے صوبے کو ضرورت کے مطابق گیس کی فراہمی جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سوئی گیس نے سردی کی غیر متوقع لہر کے بعد ٹیموں کو تعینات کردیا ہے آئندہ دو روز میں صورتحال میں بہتری نظر آئےگی ۔دوسری جانب اسمبلی کے اجلاس میں گیس پریشر کا مسئلہ اٹھایا گیا تھا جس کے بعد ڈپٹی اسپیکر نے سیکرٹری اسمبلی کو سوئی سدرن گیس کمپنی کے جنرل مینجر کو مراسلہ ارسال کرنے کی ہدایت کی تھی ۔وزیراعلیٰ بلوچستان بھی صوبے میں گیس پریشر میں کمی پر اظہار برہمی کر چکے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں