پرتگال،لزبن میں اسلامک سینٹر پر چاقو حملہ، دو خواتین جاں بحق

لزبن:پرتگال کے شہر لزبن میں اسلامک سینٹر پر چاقو بردار شخص نے حملہ کرکے دو خواتین کو ہلاک کردیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرتگالی پولیس نے کہاکہ انہوں نے حملہ آور کو فائرنگ کرکے زخمی کیا اور پھر گرفتار کرلیا جس کے پاس ایک بڑا چاقو موجود تھا۔پولیس نے کہاکہ انہوں نے پہلے حملہ آور کو گھیرا اور سرینڈر کرنے کا کہا ، بات نہ ماننے پر انہیں مجبورا گولی چلانی پڑی۔پرتگالی وزیراعظم انتونیو کوسٹا نے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے متاثرہ افراد کے خاندانوں سے تعزیت کی ۔انہوں نے کہا کہ حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں، واقعے کے محرکات کے حوالے سے فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔حکام کے مطابق حملے میں دو خواتین جاں بحق ہوئی ہیں۔ ایک خاتون کی عمر49برس بتائی جا رہی ہے جو پرتگال میں مہاجرین کی معاونت کرنے والے آغا خان فاونڈیشن کی منیجر تھیں جبکہ دوسری خاتون کی عمر 24برس بتائی گئی ہے جو سینٹر میں بطور رضا کار فرائض انجام دے رہی تھیں۔ پرتگالی میڈیا کا بتانا ہے مبینہ حملہ آور کا تعلق افغانستان سے ہے اور اس کی تین بیٹیاں بھی اسی سینٹر میں زیر تعلیم ہیں۔اسلامک سینٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انہیں اس واقعے کے محرکات کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں