مہراللہ یلانزئی کا کسی گروپ سے کوئی تعلق نہیں تھا، بلوچ تنظیم کے الزامات بے بنیاد ہیں، اہلخانہ

خاران (انتخاب نیوز) گزشتہ ہفتے خاران بازار میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے یلانزئی قبائل کے سرکردہ رہنما مہراللہ یلانزئی کے لواحقین کی خاندان کی خواتین و دیگر افراد کے ہمراہ خاران پریس کلب میں اہم پریس کانفرنس۔ میر جمعہ خان یلانزئی، جہانزیب خان یلانزئی و دیگر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ہفتے خاران سبزی منڈی میں مہراللہ یلانزئی ولد سہراب خان یلانزئی کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا اور رات کو بلوچ مسلح تنظیم کی جانب سے مہراللہ کے قتل ان پر بلوچوں کو لاپتہ کرنے اور علاقے میں چوری و ڈکیتی کے الزامات لگائے گئے۔ الزامات سے ہمارے پورے قبیلے اور خاندان کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ مہراللہ یلانزئی پر لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد ہیں، اگر کسی بھی چوری و ڈکیتی میں ملوث ہوتا تو پولیس یا لیویز تھانے میں انکے کیخلاف ایک چوری و ڈکیتی کا کیس دائر ہوتا۔ مہراللہ کا کسی بھی گروپ سے کوئی واسطہ نہیں تھا اگر مہراللہ واقعی کسی بھی فعل یا جرائم میں براہ راست ملوث تھا تو بلوچ قوم اور ہمارے خاندان کے سامنے مہراللہ یلانزئی سے متعلق ثبوت لے آئے، بصورت دیگر ہم اس ناحق قتل کو کسی بھی صورت معاف نہیں کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں