مشکلات کے سامنے ہتھیار ڈالنے کی بجائے ان کا پائیدار حل ڈھونڈنا ہی زندہ قوموں کی نشانی ہے ،گورنر بلوچستان

کوئٹہ: گورنربلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں ہر قسم کی مشکلات آتی رہتی ہیں مگر زندگی کے نشیب وفراز میں کٹھن حالات سے گھبرانے اور نئے ابھرنے والے مسائل ومشکلات کے سامنے ہتھیار ڈالنے کی بجائے ان کا پائیدار حل ڈھونڈنا ہی زندہ قوموں کی نشانی ہے گورنر یاسین زئی نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ ٹڈی دل کے حالیہ حملوں سے صوبے بھر کے تمام کاشتکاروں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے تاہم موجود حکومت مختلف اضلاع میں ٹڈی دل کو تلف کرنے اور صوبے میں زرعی علاقوں میں باغات اور فصلوں کو بچانے کیلئے ہرممکن کوششیں کررہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں سابق نگراں صوبائی وزیر سردار یحییٰ خان ناصر کی قیادت میں کچلاک کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ موجودہ حکومت یکساں اور متوازن ترقی پر یقین رکھتی ہے اور صوبے کے تمام اضلاع بالخصوص دورافتادہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہیںوفد نے گورنر بلوچستان کو اپنے علاقے کے عوام کو درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کچلاک کے عوام ٹڈی دل حملہ سے ہونے والے نقصانات کے علاوہ اس جدید دور میں بھی تعلیم، صحت، صاف پانی کی فراہمی اور لوڈشیڈنگ کے حوالے سے کئی مشکلات سے دوچار ہیںگورنر بلوچستان نے ان کو درپیش مسائل ومشکلات کو غور اور توجہ سے سنا اور ان کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔