متحدہ عرب امارات نے مغربی پابندیوں کے شکار روسی بینک کا لائسنس منسوخ کردیا
ابوظہبی :متحدہ عرب امارات نے مغربی ممالک کی طرف سے پابندیوں کا سامنا کرنے والے روسی بنک ایم ٹی ایس کا مملکت میں کام کے لیے جاری کردہ لائسنس منسوخ کر دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے اعلان کیا کہ وہ عن قریب روسی "MTS” بینک کی شاخ کا لائسنس ختم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ ایک سال قبل ہی اس بینک کو متحدہ عرب امارات میں کام کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ رواں سال فروری میں امریکا، برطانیہ اور بعض دوسرے ملکوں نے یوکرین جنگ کی وجہ سے روس کے ایم ٹی ایس بنک پر پابندیاں عاید کر دی تھیں۔اماراتی مرکزی بینک نے کہا کہ ابوظبی میں ایم ٹی ایس برانچ اس فیصلے کی تاریخ سے چھ ماہ سے زیادہ کی مدت کے اندر مرکزی بینک کی نگرانی میں اپنا کاروبار ختم کر دے گی اور برانچ بند کر دی جائے گی۔مرکزی بینک کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ نئے ایم ٹی ایس بینک کی حیثیت کے حوالے سے دستیاب اختیارات کی جانچ پڑتال اور درجہ بندی کے بعد بینک سے منسلک جرمانے کے خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔سنٹرل بنک نے اپنے بیان میں کہا کہ کاروباری لیکویڈیشن کی مدت کے دوران برانچ کو نئے اکانٹس کھولنے اور لین دین کرنے سے روکا جائے گا۔ یہ بنک ان 200 روسی اداروں میں شامل ہے جن پر یوکرین جنگ کا ایک سال مکمل ہونے کے بعد مغربی ممالک کی طرف سے پابندیاں عاید کی گئی تھیں۔


