وزیراعظم عمران خان کا دورہ آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز، آرمی چیف بھی ہمراہتھے

اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے بدھ کو قومی سلامتی کے ادارے انٹر سروسز انٹیلی جنس ( آئی ایس آئی ) ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا ۔ ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ ، وفاقی وزرائ شاہ محمود قریشی اور اسد عمر اور معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے ۔لیفٹنٹ جنرل فیض حمید نے ہیڈ کوارٹرز آئی ایس آئی آمد پر وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔ اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم کو پیچیدہ علاقائی اور داخلی چیلنجز کے ساتھ امن کی بحالی کے لئے پاکستانی کاوشوں کے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے اس امر پر زور دیا کہ ملکی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیرِ اعظم نے آئی ایس آئی کی قربانیوں اور انتھک کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کے ادارے کی داخلی اور بیرونی سیکیورٹی کو یقینی بنانے سے متعلق کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ دہشتگردی کا خاتمہ ہو یا کوئی بھی قومی مفاد سے متعلق معاملہ اس ادارے نے پاکستان کا نام ہمیشہ بلند کیاہے ۔ انہوں نے ادارے کی مجموعی کارکردگی کو بھی سراہا جبکہ ڈی جی آئی ایس آئی کی جانب سے علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر بھی وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی

اپنا تبصرہ بھیجیں