مارنے کی کوشش کرنے والے پریشان ہیں مجھے کیسے باہر رکھا جائے، عمران خان
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے دوبارہ اقتدار میں نہ لانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جن لوگوں نے مجھے مارنے کی کوشش کی وہ پریشان ہیں کہ مجھے کیسے باہر رکھا جائے کیونکہ لوگ مجھے واپس لانا چاہتے ہیں، سیاسی اداروں میں الیکشن کے بعد نئے سماجی معاہدے کی ضرورت ہے، پاکستان میں سیاسی استحکام انتخابات کے ذریعے آئے گا۔ امریکی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہماری معیشت زبوں حالی کا شکار ہوچکی ہے، ہم تاریخ کے بدترین معاشی بحران سے گزر رہے ہیں، پاکستان میں سیاسی استحکام انتخابات کے ذریعے آئے گا اور یہیں سے معاشی بحالی کا سفر شروع ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق آرمی چیف کرپشن کو بڑا مسئلہ سمجھتے تو آج حالات مختلف ہوتے، میں بے بس تھا، فوج کے بجائے طاقت کا منبہ سیاسی ادارے ہوں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ طاقت کا منبہ سیاسی ادارے کو یقینی بنانے کے لیے نئے سماجی معاہدے کی ضرورت ہے۔ عمران خان نے کہا کہ لوگ ٹیکس نہیں دیتے اور خصوصا امیر طبقہ پیسہ باہر منتقل کر دیتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ امریکی خارجہ پالیسی پر تنقید آپ کو امریکا مخالف نہیں بناتی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ جن لوگوں نے مجھے مارنے کی کوشش کی وہ اب بھی اقتدار میں بیٹھے ہیں اور وہ گھبرائے ہوئے ہیں کہ اگر میں واپس آیا تو ان کا احتساب کیا جائے گا، وہ پریشان ہیں کہ مجھے کیسے باہر رکھا جائے کیونکہ لوگ مجھے واپس لانا چاہتے ہیں۔


