یورپی یونین روس کی دشمن ہے، بیجنگ پر انحصار سے متعلق پروپیگنڈا کیا گیا، روسی وزیر خارجہ
ماسکو (مانیٹرنگ ڈیسک ) روس اور مغربی تعلقات کے بحران کے درمیان اور یوکرین کے خلاف روسی جنگ کو ایک سال سے زیادہ عرصہ گزر جانے کے پس منظر میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے یورپی یونین کو دشمن قرار دے دیا۔ انہوں نے ویب سائٹ "Argumenti i Fatki” کو انٹرویو دیا جو منگل کو شائع ہوا ہے۔ اس انٹرویو میں انہوں نے کہا ہے کہ یورپی یونین دشمن بن چکی اور ماسکو کو کھو چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو ان کا ملک اپنے قومی مفادات اور سفارتی طریقوں میں قابل قبول باہمی تعاون کے اصول کی بنیاد پر یورپ کے ساتھ سختی سے پیش آئے گا۔ سر گئی لاروف نے کہا کہ روس نے فیصلہ کیا ہے کہ کیف میں مجرمانہ حکومت کو یورپ کی طرف سے ہتھیاروں اور ٹرینرز کی فراہمی کا جواب کیسے دیا جائے۔سرگئی لاروف نے یہ بھی کہا کہ مغرب نے روس اورچین کے تعلقات کے درمیان پھوٹ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔ بیجنگ پر ماسکو کے انحصار کے متعلق مغرب نے غلط پروپیگنڈا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ماہ روسی صدر پوتین اور ان کے چینی ہم منصب شی جن پنگ کے درمیان 10 گھنٹے کی بات چیت نے دونوں ملکوں کی سٹریٹجک پارٹنرشپ کو نئی سطحوں تک پہنچا دیا ہے۔پوتین اور شی نے 20 اور 21 مارچ کو ہونے والی اپنی سربراہی ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان فوجی میدان سمیت دیگر شعبوں میں قریبی تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔


